وفاق اورصوبائی حکومتوں نے افواج پاکستان کو طلب کرلیا ہے، ترجمان پاک فوج

0
62

خود کو اور اپنے پیاروں کو گھروں تک محدود رکھیں، غیورعوام فوج کے ساتھ ملکر چیلنج پرقابو پالیں گے، صرف کھانے پینے کی اشیاء اور دکانیں کھلی رہیں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار کی پریس کانفرنس

(اردو ٹاؤن اخبارتازہ ترین۔23 مارچ 2020ء) ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابرافتخار نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں نے افواج پاکستان کو طلب کرلیا ہے،پاک فوج سویلین کی بھرپور مدد کرے گی،کوروناکا مقابلہ اتحاد سے کریں گے، کھانے پینے کی اشیاء اور دکانیں کھلی رہیں گی،غیرضروری نقل وحرکت ، پبلک ٹرانسپورٹ ،شاپنگ مالز، عوامی مقامات ،اجتماعات پرپابندی رہے گی، تمام ایئرپورٹس انٹرنیشنل پروازوں کیلئے 4 اپریل تک بند رہیں گے۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج 23مارچ ہے اور اکابرین کے ورثاء کو نیا چیلنج درپیش ہے۔ ہم آج کے دن اپنے اکابرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ چیلنجز کا سامنا کرکے ہی قومیں اٹھتی ہیں، پاکستان ان حالات میں ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرکے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کل کورکمانڈر کانفرنس میں تمام چیلنجز کا جائزہ لیا گیا ہے۔

افواج پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کورونا کے سامنے بے بس ہیں،ہمیں محفو ظ پاکستان کیلئے یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں نے افواج پاکستان کو طلب کرلیا ہے۔ جس کے تحت سویلین کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ ملک بھر میں جہاں فوج کو طلب کیا گیا ہے وہاں کھانے پینے کی اشیاء اور دکانیں کھلی رہیں گی، سینما ہالز، ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔
تمام اسکول بند رہیں گے، تمام قسم کے شاپنگ مالز، عوامی مقامات ،اجتماعات اور غیرضروری نقل وحرکت پر پابندی رہے گی، تمام ایئرپورٹس انٹرنیشنل پروازوں کیلئے 4اپریل تک بند رہیں گے، پٹرول پمپس اور منڈیاں صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر ہی کھلیں گی، اس حوالے سے صوبائی حکومتیں مزید ہدایات دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث تمام سرحدیں توسیل کردی گئی ہیں، لیکن اصل سرحد انسان اور کورونا وائرس کے درمیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ایک ملین مسافروں کی اسکریننگ کی گئی ہے، اسکریننگ کا عمل جاری رہے گا۔تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔کورونا سے بچنے کیلئے نقل وحرکت کو محدود رکھنا ہوگا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں دیں گے۔بریگیڈیئر سے لیفٹیننٹ جنرل تک تین دن کی تنخواہ اور کرنل کے عہدوں تک کے افسران نے2دن اور نچلے گریڈ کے تمام سپاہیوں نے ایک دن کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here